کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان انٹرا اسکول ہاکی ٹورنامنٹ شروع

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان انٹرا اسکول ہاکی ٹورنامنٹ شروع

کوئٹہ، وزیراعلیٰ بلوچستان انٹرا اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی تھے۔ تقریب میں پاکستان ہاکی ایسوسی ایشن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سعید امین، معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور قومی سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خواہش ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری نے ہاکی ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولتیں اور مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے ٹورنامنٹس کا تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ اسکولوں کے باصلاحیت کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

اس موقع پر کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے تعاون کا یقین دلایا۔

خبر شیئر کریں: