پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ تاج محل پہنچ گئے، دہلی کنسرٹ کی تیاریاں مکمل
سوشل میڈیا پر سیر کی ویڈیو شیئر،ویڈیو میں دلجیت تاج محل کے مختلف مقامات پر نظر آئے اور مداحوں سے بھی بات چیت کی
ممبئی: پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ بھی آج کل خبروں میں ہیں۔ انہوں نے 27 اکتوبر کو آگرہ میں تاج محل کا دورہ کیا اور سوشل میڈیا پر اپنی سیر کی ویڈیو شیئر کی۔ویڈیو میں دلجیت تاج محل کے مختلف مقامات پر نظر آئے اور مداحوں سے بھی بات چیت کی۔ ان کی پوسٹ اور دورے نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کی۔ دلجیت کا دہلی میں کنسرٹ 30 اکتوبر کو جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں طے ہے۔ اس پروگرام کو پہلے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے اجازت نہیں ملی تھی، لیکن منتظمین اور پولیس کے درمیان بات چیت کے بعد اجازت دے دی گئی۔پولیس نے منتظمین سے ہجوم کو سنبھالنے، ٹریفک کنٹرول کرنے، پارکنگ اور سکیورٹی کے بہتر انتظامات کا مطالبہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریب کے لیے 1,500 سے 2,000 نجی سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی پر بھی زور دیا گیا ہے۔دلجیت کے لیے یہ دورہ اہم ہے کیونکہ دہلی ان کے انڈیا ٹور کا ابتدائی بڑا پڑاؤ ہے۔ تاہم کنسرٹ کے دن آنے والے شائقین کو منتظمین کی تازہ ہدایات اور سکیورٹی انتظامات پر عمل کرنا چاہیے۔





