سات سال کی عمر سے او سی ڈی کی علامات کا سامنا ہے، جینا اورٹیگا
’وینزڈے‘ کی اداکارہ نے روزمرہ زندگی پر اثرات اور تھراپی سے مدد لینے کے تجربے پر گفتگو کی
امریکی اداکارہ جینا اورٹیگا نے بتایا ہے کہ انہیں سات سال کی عمر سے او سی ڈی کی علامات کا سامنا ہے اور یہ کیفیت آج بھی ان کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتی ہے۔
نیٹ فلکس کی سیریز ’وینزڈے‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے ووگ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے بچپن کی مخصوص عادتوں اور ان سے نمٹنے کے تجربات بیان کیے۔ یہ انٹرویو 22 اکتوبر کو شائع ہوا۔
اورٹیگا کے مطابق بچپن میں وہ اسکول جانے سے پہلے اپنے بہن بھائیوں سے جلدی اٹھتی تھیں تاکہ کچھ کام ایک مقررہ ترتیب سے کرسکیں۔ ان میں بستر کی چادر ایک خاص انداز سے ہٹانا، دراز کھولنا اور آہستہ آہستہ بالوں میں برش کرنا شامل تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اب وہ ان رویوں کو او سی ڈی کی ابتدائی علامات کے طور پر سمجھتی ہیں۔ تھکن، بے چینی یا سفر کے باعث نیند کے اوقات متاثر ہونے پر انہیں بعض کام مخصوص انداز میں دہرانے کی ضرورت زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کی موجودہ عادتوں میں دن بھر ایک جملہ مقررہ تعداد میں دہرانا، شوٹنگ کے سیٹ پر پہلے بایاں پاؤں رکھنا اور سانس روک کر 71 تک گنتی کرنا شامل ہے۔
اورٹیگا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی کیفیت کو سنبھالنے کے لیے ادویات اور تھراپی سے مدد لی ہے اور اب بھی کبھی کبھار تھراپسٹ سے رابطہ کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تجربے کو ایک کھیل کی طرح دیکھنے سے انہیں ذہنی دباؤ کچھ کم محسوس ہوتا ہے۔ اداکاری بھی انہیں وقتی سکون دیتی ہے، کیونکہ کیمرہ چلنے پر ان کی توجہ کام کی طرف منتقل ہوجاتی ہے۔





