سیکیورٹی خدشات، امیتابھ بچن شیشے کے کیبن سے مداحوں کے سامنے آگئے

بنگلے کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے بعد حفاظتی اقدامات، بیٹے ابھیشیک بھی ہمراہ تھے

سیکیورٹی خدشات، امیتابھ بچن شیشے کے کیبن سے مداحوں کے سامنے آگئے

ممبئی: لیجنڈ بھارتی اداکار امیتابھ بچن اپنے مداحوں سے ملاقات کے لیے شیشے کے کیبن کا استعمال کرنے لگے۔ امیتابھ بچن نے اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ممبئی میں واقع اپنے بنگلے جلسہ کے باہر آ کر مداحوں کا دیدار کرایا، لیکن حالیہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے اس بار ان کے دیدار کا انداز قدرے مختلف رہا۔

ماضی کے برعکس امیتابھ بچن نے باہر آنے کے بجائے ایک شفاف حفاظتی شیشے کے خول کے اندر کھڑے ہو کر مداحوں کو ہاتھ ہلایا اور اپنے روایتی انداز میں ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر امیتابھ بچن کے بیٹے اور معروف اداکار ابھیشیک بچن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ابھیشیک نے والد کے بالکل پیچھے کھڑے ہو کر ہجوم پر کڑی نگاہ رکھی اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

یہ اضافی حفاظتی اقدامات حال ہی میں ممبئی پولیس کو موصول ہونے والی اس دھمکی آمیز ای میل کے بعد اٹھائے گئے ہیں، جس میں اداکار کے بنگلے کو نشانہ بنانے کی بات کہی گئی تھی، جس پر پولیس نے تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔

خبر شیئر کریں: