نواز شریف اور شہباز شریف سے صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، ترقیاتی امور پر گفتگو
آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد، وفاقی حکومت اور پنجاب کے تعاون اور انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
مظفر آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کے ترقیاتی امور اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت کے مکمل تعاون، خطے میں تعمیر و ترقی کے لیے ماضی میں کیے گئے اقدامات اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توانائی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، رکن آزاد جموں و کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔





