طالبان قیادت میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، سراج الدین حقانی کا عوامی ناراضی کا اعتراف
لوگ مزاجاً ہیبت اللہ کی پالیسیوں سے متفق نہیں، سخت رویے سے عوام طالبان سے دور ہو رہے ہیں، سراج الدین حقانی
کابل: طالبان رجیم کے اندر اختلافات اور عوامی ناراضی کا اعتراف سامنے آگیا، طالبان رجیم کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کہا ہے کہ لوگ مزاجاً شیخ ہیبت اللہ اخوندزادہ کی پالیسیوں سے متفق نہیں ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق سراج الدین حقانی نے کابل میں ہیبت اللہ اخوندزادہ کی حمایت کے لیے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ ہیبت اللہ کی تعریف کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ لوگ ان کی پالیسیوں سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے فرد کے بجائے نظام کی اہمیت پر زور دیا۔
سراج الدین حقانی کا کہنا تھا کہ عوام طالبان کو اپنا نہیں سمجھتے اور عوام اور نظام کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ طالبان کی سختی عوام کو ان سے دور اور نفرت پر مجبور کر رہی ہے۔
حقانی نے اعتراف کیا کہ سخت رویے کے باعث عوام طالبان سے دور ہو رہے ہیں اور کہا کہ نظام کسی ایک فرد کے لیے نہیں بلکہ ملک اور قوم کے لیے ہونا چاہیے۔
انہوں نے طالبان قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ذاتی اختلافات اور علاقائی وابستگیوں کو ترجیح دی گئی تو نظام ناکارہ ہو جائے گا۔ ایسی صورت میں باپ بیٹے اور بیٹا باپ کے قانون کو تسلیم نہیں کرے گا اور پورا نظام ایک شخص تک محدود ہو کر رہ جائے گا۔
سراج الدین حقانی نے طالبان قیادت پر زور دیا کہ اگر وہ اپنے لیے بھلائی چاہتے ہیں تو عوام کے لیے بھی وہی بھلائی چاہیں۔
یہ خطاب ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ہیبت اللہ اخوندزادہ پانچ سال سے زائد عرصے سے منظرعام پر نہیں آئے۔





