ایران کے ساتھ طویل جنگ نہیں ہونے دیں گے، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس
جے ڈی وینس کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیج دیا ہے۔
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ایسی جنگ نہیں ہونے دیں گے جس کا کوئی اختتام نہ ہو۔ ان کے مطابق امریکی انتظامیہ ایران کے حوالے سے اپنے طے شدہ مقاصد حاصل کرے گی، تاہم تنازع کو غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رکھا جائے گا۔
برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیج دیا ہے۔
جنگ کو طویل کرنے کا ارادہ نہیں، وینس
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی انتظامیہ ایران سے متعلق اپنے اہداف حاصل کرے گی، لیکن اس تنازع کو طویل اور نہ ختم ہونے والی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا گزشتہ 47 برس سے ایران کے ساتھ مختلف نوعیت کے تنازعات اور معاملات میں ملوث رہا ہے، جبکہ حالیہ کشیدگی میں بھی امریکا تقریباً سات ماہ سے کسی نہ کسی صورت میں شامل ہے۔
ٹرمپ کے بیانات اور وینس کا مؤقف
رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ کئی ماہ کے دوران ایران کے خلاف مزید حملوں کے اشارے دیتے رہے ہیں، تاہم وہ یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ جنگ مؤثر طور پر ختم ہوچکی ہے۔
جے ڈی وینس اس سے قبل بھی ایران کے ساتھ طویل جنگ کی مخالفت میں اسی نوعیت کا مؤقف اختیار کرچکے ہیں۔ مئی میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے غیر معینہ مدت تک جنگ جاری رکھنے کا راستہ اختیار نہیں کرے گا۔
ایک اور بریفنگ میں وینس نے کہا تھا کہ وہ اس صورتِ حال کو جنگ قرار نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کے خاتمے کے لیے کوئی مصنوعی مدت مقرر کریں گے۔ ان کا یہ مؤقف صدر ٹرمپ کے بیانات سے مختلف دکھائی دیتا ہے، جو اس تنازع کے لیے خود لفظ ’’جنگ‘‘ استعمال کرتے رہے ہیں۔





