امریکی تنظیم کی رپورٹ میں بھارتی مسلمانوں کے خلاف تشدد کے انکشافات، 2026 خونریز ترین سال قرار
رپورٹ کے مطابق اگست سے اکتوبر کے دوران مذہبی بنیادوں پر تشدد میں 16 مسلمان قتل، جبکہ 18 ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز کی ووٹر فہرستوں سے 6 کروڑ 16 لاکھ مسلمانوں کے نام خارج کیے گئے۔
اسلام آباد: امریکی انسانی حقوق کی تنظیم ’’ساؤتھ ایشیا جسٹس کمپین‘‘ کی سہ ماہی رپورٹ میں بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مبینہ نفرت انگیز جرائم، مذہبی تشدد اور امتیازی اقدامات کے حوالے سے تشویش ناک انکشافات کیے گئے ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق تنظیم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران بھارت میں مذہبی بنیادوں پر تشدد کے واقعات میں 16 مسلمانوں کو قتل کیا گیا۔
جعلی پولیس مقابلوں کے 118 واقعات رپورٹ
رپورٹ کے مطابق اگست سے اکتوبر 2026 کے دوران مسلمانوں کے خلاف جعلی پولیس مقابلوں کے 118 واقعات پیش آئے، جن میں سے 105 واقعات بھارتی ریاست اتر پردیش میں رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کی 18 ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز میں ووٹر فہرستوں سے 6 کروڑ 16 لاکھ مسلمانوں کے نام خارج کیے گئے۔
ہندوتوا نعرے لگوانے اور تذلیل کے واقعات
تنظیم کی رپورٹ میں بھارتی ریاستوں میں مسلمانوں سے مبینہ طور پر زبردستی ہندوتوا کے نعرے لگوانے اور ان کی تذلیل کے درجنوں واقعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تنظیم کے گزشتہ چار سال کے ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے تو 2026 بھارتی مسلمانوں کے لیے اس عرصے کا سب سے زیادہ خونریز سال ثابت ہوا۔





