مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 15 دہشت گرد ہلاک

آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت متعدد ٹھکانے تباہ، بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین

مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 15 دہشت گرد ہلاک

مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف آپریشن ’ردالفتنہ-3‘ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں مستونگ میں دو بڑی کارروائیاں کی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کرنے کے ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری کارروائی میں مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرالیا گیا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت دو کامیاب کارروائیوں میں 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور عزم قابل تحسین ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بلوچستان سمیت ملک کے ہر حصے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔


خبر شیئر کریں: