چاغی میں 8 مقامات پر سونے اور تانبے کے ذخائر کے شواہد مل گئے

این آر ایل نے تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کے دوران حوصلہ افزا نتائج حاصل کرلیے، ایک مقام پر 295 میٹر تک مسلسل معدنی ذخائر کی موجودگی کا انکشاف، بلوچستان میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

چاغی میں 8 مقامات پر سونے اور تانبے کے ذخائر کے شواہد مل گئے

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں کم از کم 8 مقامات پر سونے اور تانبے کے معدنی ذخائر کے شواہد دریافت ہوئے ہیں۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوران نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) کے چیئرمین محمد علی ٹبہ نے اعلان کیا کہ کمپنی نے ضلع چاغی میں 8 مختلف مقامات پر سونے اور تانبے کی موجودگی کے شواہد حاصل کیے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق معدنی ذخائر کی تلاش کے لیے اب تک تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کی جاچکی ہے، جس کے دوران حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔

ایک مقام پر 295 میٹر تک مسلسل معدنی ذخائر کی نشاندہی

رپورٹ کے مطابق ایک مقام پر 295 میٹر تک مسلسل تانبے اور سونے کے ذخائر کی موجودگی سامنے آئی ہے۔

ڈرلنگ کے نتائج میں 295 میٹر کے حصے میں تانبے کی مقدار 0.43 فیصد اور سونے کی مقدار 0.13 گرام فی ٹن ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسی مقام پر 132 میٹر کے حصے میں تانبے کی مقدار 0.83 فیصد رہی۔

بلوچستان میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

این آر ایل نے بلوچستان میں معدنیات کی مزید تلاش کے لیے 10 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ سرمایہ کاری معدنی وسائل کی تلاش اور ڈرلنگ کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کی جائے گی۔

چاغی میں سامنے آنے والے یہ ابتدائی نتائج بلوچستان کے معدنی شعبے میں مزید تلاش اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

خبر شیئر کریں: