کولپور میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے میجر اور حوالدار شہید
خودکش بمبار سمیت دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ، اسلحہ و گولہ بارود برآمد؛ مسلح ڈرون حملے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جامِ شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کی متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دہشت گردوں کے مسلح کواڈ کاپٹر حملے میں پاک فوج کے میجر اور حوالدار نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور میں کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ آپریشن کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
فوجی گاڑیوں پر ڈرون حملہ، دو جوان شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر کو فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ حملے میں ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
بیان کے مطابق 13 نومبر سے کوئٹہ۔تفتان قومی شاہراہ این 40 پر سیکیورٹی فورسز کا گشت جاری ہے تاکہ مقامی ٹریفک کو محفوظ بنایا جا سکے۔ کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں اور کلیئرنس آپریشنز بھی جاری ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی حمایت یافتہ تنظیم فتنۃ الہندوستان معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز، آئی ای ڈیز اور دیگر جدید ذرائع استعمال کر رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کا مقصد علاقے میں امن و امان اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے حکومتی و سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔ آئی ایس پی آر نے الزام عائد کیا کہ بھارت اس تنظیم کو مالی معاونت اور جدید آلات فراہم کر رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اس خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی قسم کی جگہ نہیں دی جائے گی۔ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی اور کلیئرنس آپریشنز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔
وزیراعظم کا شہداء کو خراجِ عقیدت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کوئٹہ۔تفتان قومی شاہراہ پر معمول کے گشت کے دوران شہید ہونے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ دشمن معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم مسلح افواج دشمن کے ہر منصوبے کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت سے جاری رہیں گے۔





