وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا عزم
دیوالی محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے، بلوچستان میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہب و عقیدہ مساوی حقوق حاصل ہیں، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی محبت، بھائی چارے، امن اور روشنیوں کا خوبصورت پیغام دیتی ہے، جبکہ ایسے تہوار معاشرے میں مذہبی رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریاں قومی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندو برادری نے بھی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی احترام ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیادی اقدار ہیں، جن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہب و عقیدہ مساوی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے، جبکہ حکومت بلوچستان اقلیتی برادریوں کے جان و مال، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیوالی کا تہوار نفرتوں اور تعصبات کو ختم کرکے محبت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا درس دیتا ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہندو برادری کے لیے خوشیوں، سلامتی، ترقی اور کامیابیوں کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیوالی کا تہوار معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے جذبے کو مزید مضبوط بنائے گا۔





