پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی بنیں گے
پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں اہم پیش رفت، پاکستانی خلا باز چینی خلائی مشن کا حصہ بنیں گے، چینی سفارتخانے کی تصدیق
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے کی تیاری کررہے ہیں۔
چینی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایک پاکستانی خلا باز چین کے انسانی خلائی مشن میں شرکت کرے گا، جو دونوں ممالک کے سائنسی اور تکنیکی تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہوگا۔
چینی حکام کے مطابق یہ چین کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا مشن ہوگا، جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز مشترکہ طور پر خلائی سفر کریں گے۔
پاکستانی خلا بازوں کی تصاویر جاری
چینی سفارتخانے نے خلائی پروگرام کے لیے منتخب کیے گئے دو پاکستانی خلا بازوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
اعلان کے مطابق ان میں سے ایک پاکستانی خلا باز چین کے انسانی خلائی مشن کا حصہ بنے گا، تاہم فراہم کردہ تفصیلات میں مشن کی روانگی کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھے گا
چینی سفارتخانے کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی تجربات کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اس مشن سے پاکستان کی نوجوان نسل کو سائنس، خلائی ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب ملے گی۔
یہ پیش رفت پاکستان کے لیے بین الاقوامی انسانی خلائی مشنز میں شرکت کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جارہی ہے۔





