روسی فوجی مال بردار طیارہ سائبیریا میں گر کر تباہ، 19 افراد ہلاک
این-12 طیارہ معمول کی پرواز کے دوران غیر آباد علاقے میں حادثے کا شکار ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق تکنیکی خرابی حادثے کی ممکنہ وجہ ہے۔
ماسکو: روسی وزارت دفاع کے مطابق فوجی مال بردار طیارہ سائبیریا کے علاقے کیمیروو میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 19 افراد ہلاک ہوگئے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق وزارت دفاع نے بتایا کہ این-12 طیارہ معمول کی پرواز پر تھا جب وہ ایک غیر آباد علاقے میں حادثے کا شکار ہوا۔
بیان کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی بتائی گئی ہے، جبکہ روسی ہوا بازی کے متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
مقامی گورنر کے مطابق طیارہ یاگونوفو گاؤں کے قریب گرنے کے بعد جائے حادثہ پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قابو پالیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بند کردیا ہے۔





