موبائل ایپ قرضوں پر سالانہ شرحِ منافع 90 فیصد مقرر، ایس ای سی پی نے حد کم کردی

موبائل ایپ سے قرضوں پر شرحِ منافع کی حد 274 فیصد سے کم کرکے 90 فیصد مقرر، 50 ہزار روپے تک قرض زیادہ سے زیادہ 90 دن کے لیے دیا جا سکے گا۔

موبائل ایپ قرضوں پر سالانہ شرحِ منافع 90 فیصد مقرر، ایس ای سی پی نے حد کم کردی

اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے موبائل ایپس کے ذریعے دیے جانے والے قرضوں پر شرحِ منافع میں 67 فیصد کمی کرتے ہوئے سالانہ شرحِ منافع 90 فیصد مقرر کردی ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے اس حوالے سے نیا سرکلر جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت موبائل ایپ قرضوں پر شرحِ منافع کی حد 274 فیصد سے کم کرکے 90 فیصد کردی گئی ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق 10 ہزار روپے کے قرض پر یومیہ لاگت 24 روپے 66 پیسے ہوگی، جبکہ تمام فیسیں اور دیگر چارجز بھی قرض کی مقررہ لاگت میں شامل ہوں گے۔ شرحِ منافع میں کمی کا مقصد قرض لینے والوں کو زیادہ لاگت اور قرضوں کے بڑھتے بوجھ سے بچانا ہے۔

نئے ضوابط کے تحت ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے تک قرض دیا جا سکے گا، جس کی مدت 90 دن سے زیادہ نہیں ہوگی۔ قرض کی جلد ادائیگی کی صورت میں صارف سے صرف ان دنوں کی لاگت وصول کی جائے گی جن کے دوران قرض اس کے پاس رہا۔

سرکلر کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد ابتدائی تین دن تاخیر پر جرمانہ وصول نہیں کیا جا سکے گا۔

ایس ای سی پی نے موبائل ایپ قرض لینے والوں کی ڈیجیٹل ریپوزٹری قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے قرض دینے والے ادارے صارف کے پہلے سے موجود قرضوں کی جانچ کر سکیں گے اور قرض کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنے والے صارفین کو مزید قرض دینے کے معاملے میں احتیاط برت سکیں گے۔

موبائل ایپ کے ذریعے قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کو 15 روز کے اندر اپنی ایپس اور متعلقہ دستاویزات نئے ضوابط کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

خبر شیئر کریں: