حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے دو نئے قرض لینے کی منظوری دے دی

مجوزہ رقم میں سے 50 کروڑ ڈالر پنشن اصلاحات اور 25 کروڑ ڈالر سرکاری منصوبوں میں نجی شعبے کی شراکت بڑھانے کے لیے حاصل کیے جائیں گے۔

حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے دو نئے قرض لینے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنشن نظام میں اصلاحات اور سرکاری منصوبوں میں نجی شعبے کی شراکت کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مجموعی طور پر 75 کروڑ ڈالر قرض لینے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ رقم دو قرضوں کے ذریعے حاصل کی جائے گی، جن کی تفصیلات ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ طے کی جا رہی ہیں۔ مجوزہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 209 ارب روپے بنتی ہے۔

حکام کے مطابق ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی سربراہی میں متعلقہ کمیٹی نے قرضوں کو حتمی شکل دینے کی منظوری دی۔ اجلاس کے باضابطہ منٹس جاری ہونے کے بعد بینک کے ساتھ مزید کارروائی مکمل کی جائے گی۔

مجوزہ پروگرام کے تحت 50 کروڑ ڈالر کا قرض وفاقی پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے حاصل کیا جائے گا۔ اس کا مقصد پنشن کی طویل مدتی ذمہ داریوں میں کمی، کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم کو فعال بنانا اور ملازمین کو اس نظام سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔

کمیٹی نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ ماضی میں پنشن اصلاحات کے منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے نتائج سے متعلق رپورٹ پلاننگ کمیشن کو فراہم کی جائے۔

دوسرا قرض 25 کروڑ ڈالر کا ہوگا، جس کا مقصد سرکاری منصوبوں میں نجی شعبے کی شراکت کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی نظام کو بہتر بنانا ہے۔ اس رقم میں سے 20 کروڑ ڈالر نسبتاً زیادہ لاگت پر، جبکہ 5 کروڑ ڈالر رعایتی شرائط پر حاصل کیے جائیں گے۔

پلاننگ کمیشن نے نجی شراکت داری کے لیے پہلے حاصل کیے گئے قرض کے اثرات کا جائزہ لینے اور نئے قرض میں رعایتی رقم کا حصہ بڑھانے کی سفارش بھی کی ہے۔

خبر شیئر کریں: