کراچی انڈسٹریل پارک کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون بنانے کی منظوری
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں نجی اقتصادی زونز کو بنیادی سہولیات دینے اور پنجاب میں صنعتی زمین کی لیز پالیسی بھی منظور
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کراچی انڈسٹریل پارک کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون بنانے کی منظوری دے دی۔ فیصلے کا مقصد برآمدی صنعتوں میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔
منظوری جمعے کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز کے گیارہویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں صنعتی سرمایہ کاری آسان بنانے، بنیادی سہولیات بہتر کرنے اور صنعتی زمین کے مؤثر استعمال پر غور ہوا۔
بورڈ نے نجی شعبے کے قائم کردہ خصوصی اقتصادی زونز کی مقررہ حدود تک سرکاری اخراجات سے سڑک، یوٹیلیٹی سروسز اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہلیت کے عمومی معیار بھی منظور کیے۔ ہر درخواست کا الگ جائزہ لیا جائے گا۔
پنجاب کے سرکاری خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی علاقوں کے لیے زمین کی لیز پالیسی بھی منظور کی گئی۔ اس کے تحت طویل مدتی لیز کے ذریعے زمین کے ابتدائی اخراجات کم کرنے اور برآمدی صلاحیت رکھنے والی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔





