امریکی خفیہ ادارے NSA کا حساس مواصلاتی نیٹ ورک فنی خرابی سے اچانک بند

تعطل کے پیچھے سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے، امریکی عوام کے لیے تشویش کی کوئی بات نہیں، وائٹ ہاؤس

امریکی خفیہ ادارے NSA کا حساس مواصلاتی نیٹ ورک فنی خرابی سے اچانک بندAI Generated

واشنگٹن: امریکا کے اہم خفیہ ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی (NSA) کا انتہائی حساس اندرونی مواصلاتی نیٹ ورک فنی خرابی کے باعث اچانک بند ہو گیا، جس کے بعد ادارے نے عملے کی آمدورفت کے اوقات مرحلہ وار کر دیے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق نیٹ ورک کی بندش کے پیچھے تاحال کسی سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے اور امریکی عوام کو بھی اس حوالے سے تشویش کی کوئی ضرورت نہیں۔

امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ نیٹ ورک کی خرابی سے ایشیا کے دورے پر موجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہنگامی انٹیلی جنس معلومات کی ترسیل متاثر نہیں ہوگی، کیونکہ حکومت کے پاس متبادل محفوظ مواصلاتی نیٹ ورکس موجود ہیں۔

حکام کے مطابق برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ پر مشتمل فائیو آئیز اتحاد کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کا نظام بھی معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں حالیہ دنوں کے دوران مختلف اہم نظاموں میں تکنیکی خرابیوں کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے مائیکروسافٹ کی سروسز اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی معطلی جیسے بڑے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

خبر شیئر کریں: