پیٹرولیم لیوی پر وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم کی ملاقات متوقع

جماعت اسلامی لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کرے گی، ملاقات آج یا کل ہونے کی حتمی تصدیق نہیں ہوسکی

پیٹرولیم لیوی پر وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم کی ملاقات متوقع

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔

ایکسپریس کے مطابق مجوزہ ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت مختلف تجاویز پر گفتگو ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی کو ملاقات کی دعوت دی ہے، جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ٹیلی فون پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کو اس بارے میں آگاہ کیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے بتایا کہ ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کا معاملہ زیرِ بحث آئے گا، تاہم یہ آج ہوگی یا کل، اس کی حتمی تصدیق نہیں ہوسکی۔

جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کرنے کی تجویز پہلے ہی حکومت کو دے چکی ہے۔ جماعت اسلامی نے اس معاملے پر لانگ مارچ کا اعلان بھی کیا تھا، تاہم وزیراعظم کی جانب سے رابطے اور ملاقات کی دعوت کے بعد مارچ مؤخر کردیا گیا تھا۔

خبر شیئر کریں: