قومی اسمبلی میں سات بل منظور، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی

تعلیم، سیاحت اور فلموں سے متعلق ترمیمی بلوں کی منظوری، کشمیر پر قرارداد کارروائی مؤخر ہونے کے باعث پیش نہ ہوسکی

قومی اسمبلی میں سات بل منظور، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے پیر کے اجلاس میں سات بل منظور کرلیے، تاہم بعد میں کورم کی نشاندہی پر کارروائی روک دی گئی اور اجلاس منگل کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

منظور ہونے والے بلوں میں پاکستان اسٹڈی سینٹرز، وفاقی تعلیمی بورڈ، ٹریول ایجنسیوں، سیاحتی گائیڈز، ہوٹلوں اور ریستورانوں کے علاوہ فلموں سے متعلق ترمیمی بل شامل تھے۔

بلوں کی منظوری کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے نکتۂ اعتراض پر بات کرنا چاہی تو اسپیکر نے انہیں قانون سازی مکمل ہونے تک انتظار کرنے کو کہا۔ اس دوران رکنِ اسمبلی سہیل سلطان نے کورم کی نشاندہی کردی۔

گنتی کے بعد اسپیکر سردار ایاز صادق نے ارکان کی حاضری یقینی بنانے کے لیے پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی۔ دوبارہ گنتی پر بھی کورم پورا نہ ہوا تو اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

کارروائی ملتوی ہونے کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے خلاف ایک قرارداد بھی پیش نہ ہوسکی۔

اجلاس کے دوران ارکان نے سوالات کے جوابات متعلقہ وزرا کے بجائے پارلیمانی سیکرٹریوں کی جانب سے دینے پر بھی گفتگو کی۔ قانون و پارلیمانی امور کے وزرا نے کہا کہ قواعد کے تحت پارلیمانی سیکرٹری وزرا کی طرف سے جواب دے سکتے ہیں۔

تعلیم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری رابعہ رحیم نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے تحت مقررہ انٹرن شپ مکمل نہ کرنے والے طالب علم کی ڈگری کی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق نہیں ہوگی۔

خبر شیئر کریں: