’اسٹار ٹریک‘ کے معروف اداکار والٹر کوئنگ 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

والٹر کوئنگ نے مشہور سائنس فکشن سیریز اور اس پر بننے والی سات فلموں میں پاول چیکوف کا کردار ادا کیا۔

’اسٹار ٹریک‘ کے معروف اداکار والٹر کوئنگ 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

لاس اینجلس: مقبول ٹی وی سیریز ’اسٹار ٹریک‘ میں پاول چیکوف کا کردار ادا کرنے والے امریکی اداکار والٹر کوئنگ 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے نمائندے کے مطابق والٹر کوئنگ لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ اس موقع پر ان کی بیٹی اور بھانجی ان کے ساتھ موجود تھیں۔

والٹر کوئنگ کو 1960 کی دہائی کی سائنس فکشن سیریز ’اسٹار ٹریک‘ میں روسی افسر پاول چیکوف کا کردار ادا کرنے پر دنیا بھر میں شہرت ملی۔ وہ سیریز کی 36 اقساط کے علاوہ اس پر بننے والی سات فلموں میں بھی نظر آئے۔

سیریز میں ان کا کردار ایک خیالی خلائی جہاز کے عملے کا حصہ تھا۔ اس دور میں امریکا اور سوویت یونین کے درمیان سرد جنگ کے باوجود مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کرداروں کو ایک ساتھ کام کرتے دکھایا گیا تھا۔

’اسٹار ٹریک‘ میں ان کے ساتھی اداکار اور دیرینہ دوست جارج تاکی نے والٹر کوئنگ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک اچھا انسان، مصنف، استاد اور وفادار دوست قرار دیا۔

والٹر کوئنگ 14 ستمبر 1936 کو امریکی شہر شکاگو میں پیدا ہوئے اور نیویارک میں پرورش پائی۔ انہوں نے 1960 کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کیا اور بعد میں ایک اور سائنس فکشن سیریز ’بیبیلون 5‘ میں بھی کام کیا۔

اداکاری کے علاوہ وہ اسکرپٹ رائٹنگ اور تدریس سے بھی وابستہ رہے۔ ان کے پسماندگان میں بیٹی ڈینیئل کوئنگ شامل ہیں۔

خبر شیئر کریں: