میچ کے دوران مداح کی حرکت پر ٹیلر سوئفٹ ناراض، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

امریکی گلوکارہ نے اسٹیڈیم میں اپنی ویڈیو بنانے والی خاتون کو اشارے سے روک دیا، سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی مداخلت کرنا پڑی۔

میچ کے دوران مداح کی حرکت پر ٹیلر سوئفٹ ناراض، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

نیویارک: عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ امریکی فٹبال میچ کے دوران اپنی ویڈیو بنانے کی کوشش کرنے والی خاتون مداح کو بظاہر ایسا کرنے سے روکتی دکھائی دے رہی ہیں۔

یہ واقعہ اتوار 18 اکتوبر کو امریکی ریاست میسوری کے شہر کنساس سٹی میں واقع ایروہیڈ اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں کنساس سٹی چیفس اور لاس اینجلس چارجرز کے درمیان نیشنل فٹبال لیگ کا مقابلہ جاری تھا۔

ٹیلر سوئفٹ اپنے شوہر اور کنساس سٹی چیفس کے کھلاڑی ٹریوس کیلسے کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم پہنچی تھیں۔ وہ وی آئی پی باکس میں بیٹھ کر میچ دیکھ رہی تھیں کہ ایک خاتون مداح نے ان کی جانب موبائل فون کرکے تصویر یا ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔

امریکی شوبز ویب سائٹ پیج سکس کی رپورٹ کے مطابق خاتون مداح کو سیکیورٹی اہلکاروں نے وہاں سے ہٹنے کی ہدایت کی، تاہم وہ ٹیلر سوئفٹ کی جانب فون کیے کھڑی رہی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکارہ نے خاتون کی موجودگی محسوس کرنے کے بعد ہاتھ سے اشارہ کیا، جسے مداح کو ریکارڈنگ روکنے اور میدان کی جانب متوجہ ہونے کی ہدایت سمجھا جارہا ہے۔

ویڈیو میں دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو واضح طور پر سنائی نہیں دیتی، اس لیے یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ ٹیلر سوئفٹ نے خاتون سے کون سے الفاظ کہے۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد خاتون وہاں سے ہٹتی دکھائی دیتی ہے۔

اس موقع پر ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ معروف امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کیٹلن کلارک اور گلوکارہ ایسٹے ہائم بھی موجود تھیں۔ تینوں اسٹیڈیم کے خصوصی حصے میں بیٹھ کر مقابلہ دیکھ رہی تھیں۔

ٹیلر سوئفٹ نے میچ کے لیے سرخ لباس کا انتخاب کیا تھا، جو کنساس سٹی چیفس کی ٹیم کے رنگوں سے مطابقت رکھتا تھا۔ ان کی اسٹیڈیم میں موجودگی نے ایک مرتبہ پھر شائقین اور میڈیا کی توجہ حاصل کی۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف ردعمل دیا۔ متعدد مداحوں نے گلوکارہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ معروف شخصیات کو بھی اپنی نجی حدود برقرار رکھنے اور کسی مداخلت کے بغیر تقریبات سے لطف اندوز ہونے کا حق حاصل ہے۔

بعض صارفین نے گلوکارہ کے اشاروں کو سخت ردعمل قرار دیا، تاہم دیگر افراد کا کہنا تھا کہ مختصر ویڈیو سے ان کے رویے یا گفتگو کے بارے میں کوئی حتمی نتیجہ اخذ کرنا مناسب نہیں۔

امریکی اسپورٹس جریدے اسپورٹس السٹریٹڈ کے مطابق اسٹیڈیم میں موجود ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بعض تماشائی میچ دیکھنے کے بجائے ٹیلر سوئفٹ کے وی آئی پی باکس کی جانب متوجہ تھے اور ان کی تصاویر لینے کی کوشش کررہے تھے۔

واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اس سے ایک روز قبل لاس اینجلس میں اکیڈمی میوزیم گالا کی تقریب میں شریک ہوئی تھیں، جس کے بعد وہ اپنے شوہر کا میچ دیکھنے کنساس سٹی پہنچی تھیں۔

کنساس سٹی چیفس نے اس مقابلے میں لاس اینجلس چارجرز کو 6 کے مقابلے میں 22 پوائنٹس سے شکست دی، تاہم میچ کے نتیجے کے ساتھ ٹیلر سوئفٹ اور مداح کے درمیان پیش آنے والا مختصر واقعہ بھی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔

خبر شیئر کریں: