بیٹے نے اسکول آنے سے کیوں روکا؟ عتیقہ اوڈھو نے واقعہ بتادیا
شوبز میں آنے پر بیٹے نے وعدہ لیا کہ کبھی ایچی سن نہیں آؤں گی، اداکارہ
کراچی: سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد میرے بیٹے نے مجھ سے وعدہ لیا تھا کہ میں کبھی ان کے اسکول نہیں جاؤں گی۔
حال ہی میں انہوں نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر پوڈکاسٹ کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے اور اپنی پہلی پوڈکاسٹ میں انہوں نے اداکار جنید خان کو بطور مہمان مدعو کیا، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی نجی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ جب میں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو میرے بیٹے نے مجھے اسکول آنے سے منع کر دیا تھا۔ عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ میرا بیٹا ایچی سن میں زیرِ تعلیم تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرے بیٹے نے مجھ سے قسم اور وعدہ لیا کہ میں کبھی اس کے اسکول نہیں جاؤں گی، اس نے مجھ سے کہا تھا کہ امی، آپ کبھی ایچی سن نہیں آئیں گی، میں نہیں چاہتا کہ میرے کلاس فیلوز آپ کو وہاں دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ لڑکوں کے ساتھ یہ ایک الگ مسئلہ ہوتا ہے، وہ اپنی بات پر بالکل واضح تھا، میں کبھی اس کے اسکول نہیں جا سکی، ایسی صورتِ حال لڑکوں کے لیے بعد میں مسئلہ بن جاتی ہے۔





