اسرائیلی ہونے پر اب فخر نہیں، اداکارہ چیلی گولڈن برگ کی گفتگو وائرل
فلسطینی زمینوں پر قبضے اور بستیوں کی توسیع پر تنقید، براہِ راست نشریات کا علم ہونے پر حیران رہ گئیں
اسرائیلی اداکارہ چیلی گولڈن برگ کی ایک ٹی وی انٹرویو میں اپنے ملک کی پالیسیوں پر تنقید سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کررہی ہے۔
اسرائیلی چینل 13 سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فلسطینی زمینوں پر قبضے، یہودی بستیوں کی توسیع اور معاشرے میں بڑھتی انتہا پسندی پر مایوسی ظاہر کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک سے محبت کرتی ہیں، تاہم اسرائیلی شناخت پر پہلے جیسا فخر محسوس نہیں کرتیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ دوبارہ اپنے ملک سے تعلق پر خوشی محسوس کرسکیں۔
گفتگو کے دوران میزبانوں نے بتایا کہ ان کی باتیں براہِ راست نشر ہورہی ہیں تو وہ پریشان ہوگئیں۔ ان کا خیال تھا کہ پروگرام میں وقفہ ہے اور کیمرے بند ہیں۔ انہوں نے اس بات پر ناراضی ظاہر کی کہ انہیں نشریات جاری ہونے سے آگاہ کیوں نہیں کیا گیا۔





