یومِ سیاہ کشمیر، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا یکجہتی کا پیغام

بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، میر سرفراز بگٹی

یومِ سیاہ کشمیر، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا یکجہتی کا پیغام

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947 میں اس روز بھارتی افواج کشمیر میں داخل ہوئیں اور بھارتی قبضے کا آغاز ہوا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جانا چاہیے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، شہریوں کے قتل اور خواتین پر مظالم سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کے بنیادی حقوق اور آزادی کے حصول کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ پاکستان ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملے گا اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ممکن ہوگا۔

خبر شیئر کریں: