کوئٹہ کے لیے ایئربلیو کی پروازیں شروع، پہلے طیاروں کو واٹر کینن سلامی
لاہور سے ہفتے میں تین اور اسلام آباد سے دو پروازیں چلائی جائیں گی، دونوں شہروں سے آنے والے مسافروں کا استقبال
کوئٹہ: ایئربلیو کی لاہور اور اسلام آباد سے کوئٹہ کے لیے پہلی پروازیں 26 اکتوبر کو کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئیں، جہاں طیاروں کو واٹر کینن سلامی دی گئی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق لاہور سے آنے والی پرواز پی اے 503 سہ پہر 3 بج کر 25 منٹ پر کوئٹہ پہنچی، جبکہ اسلام آباد سے پرواز پی اے 501 سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر اتری۔
دونوں پروازوں کے مسافروں کا استقبال کیا گیا اور اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں ایئرپورٹ منیجر، چیف سکیورٹی آفیسر اور ایئربلیو کے ڈائریکٹر آپریشنز نے شرکت کی۔
نئے شیڈول کے تحت ایئربلیو کوئٹہ اور لاہور کے درمیان ہفتے میں تین جبکہ کوئٹہ اور اسلام آباد کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائے گی۔
نئی پروازوں سے کوئٹہ اور دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولت میسر آئے گی۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ مسافروں کی سہولت اور فضائی رابطے بہتر بنانے کے لیے کام جاری رکھے گی۔





