وزیر داخلہ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس، پشین میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ
میر ضیاء اللہ لانگو کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مؤثر بنانے اور عوام کے تحفظ کے لیے اقدامات کی ہدایت
پشین: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں ضلع پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں عوام کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے ضلع کی صورتحال اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اصغر ترین، اراکین صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا اور اسفندیار کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، کمشنر پشین ڈویژن، ڈی آئی جی اور ڈی پی او پشین سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ قبائلی عمائدین اور علمائے کرام بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پشین سمیت دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے بہتر کرنے کی ہدایت کی۔





