اسٹارلنک کے استعمال پر ایلون مسک اور یوکرین میں تنازع

مسک نے ڈرون حملوں کے لیے سروس استعمال کرنے کا الزام لگایا، یوکرینی حکام نے مؤقف مسترد کردیا

اسٹارلنک کے استعمال پر ایلون مسک اور یوکرین میں تنازع

کیف: ایلون مسک نے یوکرینی فوج پر اسٹارلنک کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کو حملہ آور ڈرونز کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جسے یوکرینی حکام نے مسترد کردیا۔

مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ یوکرینی فوج نے اسٹارلنک کو ایسے ڈرون حملوں میں استعمال کیا جن میں لوگ مارے گئے۔ ان کے مطابق اس استعمال کی گنجائش گزشتہ ہفتے بند کردی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹارلنک ایک شہری مواصلاتی نظام ہے اور اس کی شرائط کی خلاف ورزی پر سروس ختم کی جاسکتی ہے۔ مسک نے ساتھ ہی یوکرین کے دفاع میں اس کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ سروس بند ہونے سے یوکرینی محاذ شدید متاثر ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب یوکرین کے دفاعی ٹیکنالوجی کے مشیر سرہی بیسکریستنوف نے الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہری اسٹارلنک سے منسلک ڈرونز پر پہلے سے رفتار کی پابندیاں ہیں اور یہ روسی حدود میں کام نہیں کرتے، اس لیے ان کے ذریعے طویل فاصلے کے حملے ممکن نہیں۔

یہ تنازع یوکرین میں اسپیس ایکس کے مواصلاتی نظام میں تعطل کے بعد سامنے آیا ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق متاثرہ سروس بحال ہوچکی ہے، تاہم پابندیوں کی ذمہ داری اور ان کے دائرۂ کار پر اختلاف برقرار ہے۔

خبر شیئر کریں: