وزیراعظم کروم بک اسکیم، بلوچستان کے طلبہ کے لیے 31 ہزار سے زائد کروم بکس مختص
نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر میرٹ پر انتخاب ہوگا، سرکاری اسکولوں اور رجسٹرڈ مدارس سمیت اہل اداروں کے طلبہ اسکیم میں شامل ہوں گے
وفاقی حکومت کی وزیراعظم یوتھ کروم بک اسکیم کے تحت تین برس میں طلبہ کو 5 لاکھ ریفربشڈ، یعنی دوبارہ قابل استعمال بنائے گئے کروم بکس فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
حکام کے مطابق انتخاب نویں جماعت کے تازہ نتائج پر ہوگا۔ کم از کم 50 فیصد نمبر ضروری ہیں، تاہم حتمی انتخاب میرٹ اور متعلقہ کوٹے کے مطابق کیا جائے گا۔
سرکاری اسکولوں، صوبائی تعلیمی فاؤنڈیشنز کی مالی معاونت سے چلنے والے نجی اسکولوں اور رجسٹرڈ مدارس کے طلبہ اہل ہوں گے۔
بلوچستان کے لیے 31 ہزار 815، پنجاب کے لیے ایک لاکھ 81 ہزار 90، سندھ کے لیے 85 ہزار 925 اور خیبرپختونخوا کے لیے 51 ہزار 170 ڈیوائسز مختص ہیں۔ اسلام آباد کو ایک لاکھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو 25، 25 ہزار ملیں گی۔
ہر صوبے یا خطے میں 80 فیصد ڈیوائسز اسکولوں اور 20 فیصد مدارس کے طلبہ کے لیے ہوں گی۔ اسکولوں کے حصے میں سائنس کا کوٹہ 70 اور آرٹس کا 30 فیصد ہوگا۔
نتائج اور داخلے کی تصدیق کے بعد ڈیوائسز کورئیر سے پہنچائی جائیں گی۔ انتخاب، تصدیق اور ترسیل سے متعلق شکایات کے لیے کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔





