ٹیم ویور میں سنگین سیکیورٹی خامی، نیشنل سرٹ نے خبردار کردیا

پرانے ورژنز سے سسٹم کا کنٹرول ہیکرز کے ہاتھ جانے کا خدشہ، فوری اپ ڈیٹ کی ہدایت

ٹیم ویور میں سنگین سیکیورٹی خامی، نیشنل سرٹ نے خبردار کردیا

واشنگٹن: ریموٹ رسائی کے لیے استعمال ہونے والے سافٹ ویئر ٹیم ویور میں سنگین سائبر سیکیورٹی خامی کا انکشاف، نیشنل سرٹ نے سرکاری و نجی اداروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔

ایڈوائزری کے مطابق سافٹ ویئر کی خامی ہیکرز کو نقصان دہ کوڈ چلانے، کمپیوٹر کریش کرنے اور سسٹم کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا موقع دے سکتی ہے۔

نیشنل سرٹ کے مطابق ٹیم ویور کے ونڈوز، لینکس اور میک آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے ورژنز متاثر ہونے کا خدشہ ہے، سافٹ ویئر کے 15.83 سے پرانے ورژنز کو سائبر خطرے سے متاثر قرار دیا گیا، پرانے 13 اور 14 ورژنز کے لیے بھی سیکیورٹی اپ ڈیٹس جاری کی گئی ہیں۔

ایڈوائزری میں صارفین اور اداروں کو ٹیم ویور کا ورژن 15.83 یا جدید ترین دستیاب ورژن فوری انسٹال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ غیرضروری ریموٹ رسائی محدود کرنے اور صرف مجاز صارفین کو سسٹم تک رسائی دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

نیشنل سرٹ نے ریموٹ سیشن قبول کرنے سے پہلے دوسرے فریق کی شناخت کی تصدیق اور مشکوک رابطوں و غیرمعمولی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی پر بھی زور دیا، سیکیورٹی اپ ڈیٹ فوری ممکن نہ ہونے کی صورت میں غیرمعتبر ریموٹ کنکشنز بلاک کرنے اور ممکنہ سائبر حملے کی صورت میں متاثرہ ڈیوائس کی ریموٹ رسائی بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خبر شیئر کریں: