واٹس ایپ کا نیا فیچر، مصروف گروپس میں صارفین کی مشکل آسان ہوگی

’مینشنز اینڈ ریپلائیز‘ محدود اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے جاری، تمام صارفین تک پہنچنے کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا

واٹس ایپ کا نیا فیچر، مصروف گروپس میں صارفین کی مشکل آسان ہوگی

واٹس ایپ نے ’مینشنز اینڈ ریپلائیز‘ نامی نیا فلٹر بعض صارفین کے لیے جاری کرنا شروع کردیا ہے۔ اس کی مدد سے وہ چیٹس آسانی سے مل سکیں گی جن میں صارف کو ٹیگ کیا گیا ہو یا اس کے پیغام کا جواب دیا گیا ہو۔

واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق یہ سہولت اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.26.42.12 استعمال کرنے والے محدود صارفین کو فراہم کی جارہی ہے۔

نیا فلٹر چیٹس ٹیب میں ہوگا۔ اسے منتخب کرنے پر صرف متعلقہ گفتگو دکھائی دے گی، جس سے بڑی گروپ چیٹس اور کمیونٹیز میں ضروری سوالات اور جوابات تلاش کرنا آسان ہوگا۔

یہ سہولت خاص طور پر ان صارفین کے کام آسکتی ہے جنہیں روزانہ بڑی تعداد میں پیغامات ملتے ہیں اور اہم گفتگو ان کی نظر سے رہ جاتی ہے۔

نوٹیفکیشنز صاف کرنے کے بعد بھی متعلقہ چیٹس اس فلٹر میں موجود رہیں گی۔ صارفین اپنی ضرورت کے مطابق اسے سیٹنگز سے بند یا ’مور‘ سیکشن میں منتقل بھی کرسکیں گے۔

فیچر ابھی محدود بیٹا صارفین کو دستیاب ہے۔ عام صارفین کے لیے اسے جاری کرنے کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

خبر شیئر کریں: