یوٹیوب میں تبدیلی، پسندیدہ موضوعات کی الگ فیڈ بنانا ممکن

نئے ’کسٹم فیڈز‘ فیچر میں صارفین اپنی دلچسپی لکھ کر متعلقہ ویڈیوز دیکھ سکیں گے، موبائل ایپ کے ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں

یوٹیوب میں تبدیلی، پسندیدہ موضوعات کی الگ فیڈ بنانا ممکن

یوٹیوب نے صارفین کو تجویز کی جانے والی ویڈیوز پر زیادہ اختیار دینے کے لیے ’کسٹم فیڈز‘ فیچر متعارف کرایا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین اپنی دلچسپی کے موضوعات بتا کر ویڈیوز کی الگ فیڈ تیار کرسکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق صارفین کو صرف پہلے سے تجویز کردہ موضوعات تک محدود نہیں رہنا پڑے گا۔ وہ لکھ کر بتاسکیں گے کہ کس موضوع، چینل یا انداز کی ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں، جس کے مطابق متعلقہ مواد ان کی فیڈ میں دکھایا جائے گا۔

فیچر دستیاب ہونے پر ہوم فیڈ کے اوپر موجود جمع کے نشان پر کلک کرکے اپنی پسند درج کی جاسکتی ہے۔ مثال کے طور پر کام کے بعد ذہنی سکون کے لیے 10 منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیوز مانگی جاسکتی ہیں۔

عام صارفین تین جبکہ یوٹیوب پریمیم کے صارفین آٹھ فعال کسٹم فیڈز محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اس سے مختلف دلچسپیوں کے لیے الگ الگ فیڈ بنانا ممکن ہوگا۔

یوٹیوب موبائل ایپ کی اوپری بار اور نیویگیشن میں بھی تبدیلیاں کررہا ہے تاکہ مختلف حصوں تک رسائی آسان ہو۔

کمپنی کے اعلان کے مطابق کسٹم فیڈز کی ابتدائی دستیابی امریکا کے صارفین کے لیے ہے۔ پاکستان میں اس فیچر کی دستیابی کی تاریخ کا اعلان سامنے نہیں آیا۔

خبر شیئر کریں: