پاکستانی ٹیک کمپنیوں کی امریکی مارکیٹ میں کاروبار بڑھانے کی کوششیں
واشنگٹن میں 16 پاکستانی کمپنیوں کی امریکی کاروباری نمائندوں سے ملاقاتیں، ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں شراکت داری پر گفتگو
واشنگٹن: پاکستان
کی 16 ٹیکنالوجی کمپنیوں نے امریکی مارکیٹ میں کاروبار بڑھانے اور نئی شراکت داریاں قائم کرنے کے لیے امریکی کمپنیوں کے نمائندوں اور ماہرین سے ملاقاتیں کی ہیں۔
پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ ’پاکستان یو ایس ٹیک کنیکٹ 2026‘ میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا کے تجزیے، مالیاتی اور صحت کی ٹیکنالوجی سے وابستہ کمپنیوں نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاکستانی نژاد کاروباری افراد کی تنظیم اوپن گلوبل کے تعاون سے کیا گیا۔ ملاقاتوں کا مقصد پاکستانی کمپنیوں کو امریکی خریداروں اور ممکنہ کاروباری شراکت داروں سے براہ راست رابطے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
شرکا نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں زیادہ کامیابی کے لیے پاکستانی کمپنیوں کو صرف کم لاگت کی خدمات تک محدود رہنے کے بجائے اپنی ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر مصنوعات اور خصوصی مہارتیں تیار کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔
اوریکل کے سینئر نائب صدر سفیان یوسفی نے امریکی کاروباری ماحول کو سمجھنے، تکنیکی صلاحیتیں بہتر بنانے اور ٹیموں میں خواتین کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ ٹین پرلز کے عمران آفتاب نے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور روزگار کی بدلتی ضروریات کے لیے تیار کرنے کی ضرورت بیان کی۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا تعاون بڑھانا ایک اہم ہدف ہے۔ ان کے مطابق یہ شعبہ باہمی فائدے کی معاشی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔
یہ تقریب امریکا کے مختلف شہروں میں جاری ٹیک کنیکٹ پروگرام کا حصہ ہے، جس کے ذریعے پاکستانی کمپنیوں کے لیے کاروباری روابط، مصنوعات کی تیاری اور ڈیجیٹل خدمات میں تعاون کے مواقع تلاش کیے جارہے ہیں۔





