قلعہ عبداللہ میں 240 ایکڑ پر کاشت بھنگ کی فصل تلف

گلستان اور دوبندی میں مشترکہ کارروائیاں، مہم کے دوران تلف کی گئی فصل کا مجموعی رقبہ 1,377 ایکڑ ہوگیا

قلعہ عبداللہ میں 240 ایکڑ پر کاشت بھنگ کی فصل تلف

کوئٹہ: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات بلوچستان نے ضلع قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 240 ایکڑ اراضی پر کاشت بھنگ کی فصل تلف کردی ہے۔

محکمے کے مطابق 26 اکتوبر کو گلستان اور سب ڈویژن دوبندی کے علاقوں میں کارروائیاں انسدادِ بھنگ مہم 2026 کے تحت کی گئیں۔ اس کے بعد مہم کے آغاز سے اب تک تلف کی گئی فصل کا مجموعی رقبہ 1,377 ایکڑ ہوگیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ پولیس، فرنٹیئر کور، اینٹی نارکوٹکس فورس اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے دو مقامات پر کارروائی کی۔

ایک ٹیم نے تحصیل قلعہ عبداللہ کے علاقوں مندانہ اور فراخی سمیت سب ڈویژن دوبندی میں 35 ایکڑ پر کاشت فصل تلف کی، جبکہ دوسری ٹیم نے تحصیل گلستان کے علاقے نورک میں 205 ایکڑ اراضی پر بھنگ کی فصل ختم کی۔

کارروائیوں میں اسسٹنٹ کمشنر گلستان، اینٹی نارکوٹکس فورس، پولیس، فرنٹیئر کور اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندوں نے حصہ لیا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق متعلقہ اداروں کے تعاون سے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں اور غیر قانونی کاشت کے خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔

خبر شیئر کریں: