قلعہ سیف اللہ میں فورسز کا آپریشن،انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ ہلاک
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عادل شاہ عرف درویش کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی، دہشت گرد گروہ کے مالی معاملات بھی دیکھتا تھا
قلعہ سیف اللہ: سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئی۔ ہلاک کمانڈر دسمبر 2020 سے فتنۃ الخوارج سے وابستہ تھا اور 2024 سے گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کررہا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ عادل شاہ غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان میں مستقل رہائش فراہم کرنے میں بھی مدد کرتا تھا۔ وہ 2022 اور 2023 کے دوران سیکیورٹی فورسز پر حملوں، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث رہا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کے خلاف 19 مقدمات درج تھے اور سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔





