بلوچستان میں مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں، بیکنگ یونٹ سیل، 11 مراکز پر جرمانے

کوئٹہ سمیت پانچ اضلاع میں فوڈ اتھارٹی کے چھاپے، 10 کاروباری مراکز کو اصلاحی نوٹس جاری؛ دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور زائد المیعاد اشیاء کی فروخت بھی سامنے آگئی

بلوچستان میں مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں، بیکنگ یونٹ سیل، 11 مراکز پر جرمانےAI Generated

کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے پانچ اضلاع کوئٹہ، ژوب، خاران، خضدار اور صحبت پور میں خوراک کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے ایک بیکنگ یونٹ سیل، 11 مراکز پر جرمانے عائد اور 10 کو اصلاحی نوٹس جاری کر دیے۔

ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر شہریوں کی شکایت پر کارروائی کے دوران ایک بیکنگ یونٹ کو سیل کیا گیا۔ معائنے میں صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال، خوراک ذخیرہ کرنے کے غیر مناسب انتظامات، مصنوعات پر تیاری اور میعادِ استعمال کی تاریخیں درج نہ ہونے اور حشرات سے بچاؤ کے ناقص انتظامات سمیت متعدد سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔

کوئٹہ میں بیکریوں اور پیزا پوائنٹس کی چیکنگ

سمنگلی روڈ اور اسپنی روڈ پر پیزا پوائنٹس، بیکنگ یونٹس اور بیکریوں کے معائنے کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال، کارکنوں کی ذاتی صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی، زنگ آلود ریفریجریٹرز، کھلے کوڑے دان اور کھلے و مضر صحت کوکنگ آئل کا استعمال سامنے آیا۔ خوراک کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے غیر مناسب انتظامات پر بھی جرمانے عائد کیے گئے۔

ژوب میں دودھ کے نمونوں کی جانچ

ژوب کے نیو آبادی اور جیل روڈ پر دودھ کی دکانوں کی خصوصی جانچ کی گئی۔ ترجمان کے مطابق 30 دکانوں سے حاصل کردہ نمونوں کے موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں ایک دکان کے دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

ایک دوسری دکان کے خلاف زائد المیعاد جوسز اور کولڈ ڈرنکس کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران فوڈ بزنس آپریٹرز میں لائسنس کے فارم بھی تقسیم کیے گئے اور انہیں قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی گئی۔

صحبت پور میں زائد المیعاد اشیاء کی فروخت پر کارروائی

صحبت پور میں بغیر فوڈ بزنس لائسنس کام کرنے والی بیکریوں، مٹھائی کے تھوک فروشوں اور کریانہ اسٹورز کا معائنہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران زائد المیعاد چپس، بسکٹ اور نمکو کی موجودگی، مٹھائیوں کو مکھیوں سے محفوظ رکھنے کے ناقص انتظامات، کارکنوں کی ذاتی صفائی میں کوتاہی اور مصنوعات پر تیاری و میعادِ استعمال کی تاریخیں درج نہ ہونے پر متعلقہ مالکان کو جرمانے کیے گئے۔

ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی، ملاوٹ کی روک تھام، زائد المیعاد اشیاء کی فروخت اور فوڈ بزنس لائسنس کی پابندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوامی شکایات پر فوری کارروائی اور خلاف ورزیوں کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی اقدامات جاری رہیں گے۔

خبر شیئر کریں: