وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا صحت دہلیز پروگرام، گھر بیٹھے مفت علاج کی سہولت سے ہزاروں شہری مستفید
وزیراعلیٰ کے خصوصی اقدام کے تحت 20 روز میں 8 ہزار 815 طبی مشاورتیں فراہم، شہریوں کو آن لائن ڈاکٹر، طبی نسخے اور ادویات کی گھر تک فراہمی کی سہولت دستیاب
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی اقدام اور حکومت بلوچستان کے تعاون سے پی پی ایچ آئی بلوچستان کے تحت شروع کیے گئے ٹیلی ہیلتھ پروگرام ’’صحت دہلیز‘‘ کے ذریعے صوبے کے عوام کو گھر بیٹھے مفت طبی مشاورت اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
اس ڈیجیٹل ہیلتھ سروس کا مقصد بلوچستان کے شہری اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو طبی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ شہری اپنے گھروں سے ہی ڈاکٹر سے مشورہ حاصل کرسکیں۔
پی پی ایچ آئی بلوچستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صحت دہلیز پروگرام کے تحت گزشتہ 20 روز کے دوران مجموعی طور پر 8 ہزار 815 طبی مشاورتیں فراہم کی گئیں، جبکہ 7 نومبر 2026 کو ایک ہی روز میں 5 ہزار 528 مشاورتیں مکمل کی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شہریوں کو کال کے ذریعے ڈاکٹر سے رابطے کے لیے اوسطاً صرف 57 سیکنڈ انتظار کرنا پڑا، جبکہ ایک طبی مشاورت کا اوسط دورانیہ 7 منٹ اور 2 سیکنڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پروگرام کے تحت 86.8 فیصد مریضوں کو طبی نسخے فراہم کیے گئے، جبکہ شہریوں کو ادویات کی گھر تک فراہمی اور ضرورت پڑنے پر مزید علاج کے لیے اعلیٰ طبی مراکز میں ریفر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔
صحت دہلیز کی سہولت کیسے حاصل کی جاسکتی ہے؟
بلوچستان کے شہری صحت دہلیز کی ویب ایپلیکیشن sehat.pphib.org یا گوگل پلے اسٹور پر دستیاب متعلقہ ایپ کے ذریعے مفت طبی مشاورت حاصل کرسکتے ہیں۔
اس سروس کے ذریعے شہری ڈاکٹر سے آن لائن رابطہ، طبی رہنمائی، ادویات کے نسخے اور دیگر متعلقہ سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔
حکومت بلوچستان کے مطابق صحت دہلیز پروگرام کا مقصد صوبے میں ڈیجیٹل صحت کے نظام کو فروغ دینا اور بالخصوص دور دراز علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔
یہ اقدام ایسے علاقوں کے رہائشیوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے جہاں اسپتالوں اور ماہر ڈاکٹروں تک رسائی محدود ہے۔





