لاہور کی فضا مزید آلودہ، شہر عالمی فہرست میں دوبارہ سرفہرست

پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 285 رہا، کراچی عالمی فہرست میں پانچویں نمبر پر

لاہور کی فضا مزید آلودہ، شہر عالمی فہرست میں دوبارہ سرفہرست

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی بڑھ گئی اور شہر آئی کیو ایئر کی فہرست میں ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔

ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق آئی کیو ایئر نے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 238 ریکارڈ کیا، جبکہ پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ میں صبح 6 بجے شہر کا اے کیو آئی 285 تھا۔ پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز اسی وقت یہ سطح 229 ریکارڈ کی گئی تھی۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی آلودگی کی سطح بلند رہی۔ شاہدرہ میں اے کیو آئی 500، واہگہ بارڈر پر 366، ملتان روڈ پر 335 اور برکی روڈ پر 306 ریکارڈ کیا گیا۔

آئی کیو ایئر کی فہرست میں نئی دہلی 214 کے ساتھ دوسرے، ہنوئی 188 کے ساتھ تیسرے اور بغداد 169 کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔ کراچی کا اے کیو آئی 166 ریکارڈ کیا گیا اور وہ فہرست میں پانچویں نمبر پر تھا۔

فضائی آلودگی میں اضافے سے بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر جانے اور کھلی فضا میں سخت جسمانی مشقت سے گریز، جبکہ ضرورت کے وقت مناسب ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

خبر شیئر کریں: