وفاق کے ساتھ مل کر ایک پیج پر کام کریں گے،گورنرخیبرپختونخوا
مختلف سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا مقصد وفاق کے ساتھ مسائل کے حل کی راہیں تلاش کرنا ہے،پرویزخٹک اپنے دورمیں اپوزیشن کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرتے تھے،میڈیاسے گفتگو
پی ٹی آئی طالبان اور افغانستان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی،گورنر راج کا فیصلہ مشکل تھا، حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ مجبوری میں گورنر راج نافذ کرنا پڑا، اگر پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو ایسا کبھی نہ ہوتا،پرویز خٹک
نوشہرہ : گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کے ساتھ مل کر ایک پیج پر کام کریں گے،مختلف سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا مقصد وفاق کے ساتھ مسائل کے حل کی راہیں تلاش کرنا ہے۔ نوشہرہ میں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر ختونخوا نے کہا کہ پرویزخٹک نے سیاست میں طویل اننگز کھیلی ہیں، پرویزخٹک اپنے دورمیں اپوزیشن کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرتے تھے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ باہمی مشاورت سے صوبے کو آگے لے جا نے اور ترقی کیلئے کام کرناہے، مختلف سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا مقصد وفاق کے ساتھ مسائل کے حل کی راہیں تلاش کرنا ہے، وفاق کے ساتھ مل کر ایک پیج پر کام کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کا تاریخی اجلاس منعقد ہوا، وزیراعظم نے دورہ پشاور کے موقع پر مختلف مسائل سنے اور حل کے لیے اقدامات بھی کیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی سے دیرینہ تعلقات ہیں، ان سے صوبے کے مسائل پر تفصیلی بات ہوئی، اپنے دور حکومت میں جو کام شروع کیے اب ان کو آگے لے کر جاناہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ابھی آزاد ہوں،کسی دوسری سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں، گورنر راج کا فیصلہ مشکل تھا، سیاسی طور پر ایسا فیصلہ اچھا نہیں ہوتا، حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ مجبوری میں گورنر راج نافذ کرنا پڑا، اگر پی ٹی آئی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی طالبان اور افغانستان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی۔





