سہیل آفریدی سمیت 9 ارکان اسمبلی کی حراست چیلنج، فوری رہائی کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع
محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کی درخواست دائر، زیرِ حراست منتخب نمائندوں کو عدالت میں پیش کرنے اور گرفتاریوں کا قانونی جواز جانچنے کی استدعا
اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکان اسمبلی کی حراست کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کی جانب سے ایڈووکیٹ معظم بٹ کے توسط سے آئینی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں منتخب نمائندوں کی گرفتاریوں اور حراست کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
منتخب نمائندوں کے مینڈیٹ کا معاملہ
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ منتخب نمائندوں کو حراست میں رکھنا عوام کے انتخابی مینڈیٹ کو غیر مؤثر بنانے کے مترادف ہے۔ درخواست گزاروں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ریاستی ادارے منتخب نمائندوں کی سیاسی سرگرمیوں اور پارلیمانی کردار کو روک سکتے ہیں؟
درخواست کے مطابق سیاسی وابستگی کی بنیاد پر منتخب نمائندوں کو نشانہ بنانا آئین کے آرٹیکلز 4، 14، 17 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت سے زیرِ حراست ارکان اسمبلی کے مقامِ حراست اور ان کی گرفتاری کی قانونی حیثیت سے متعلق واضح تفصیلات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
غیر معمولی اختیارات بھی بنیادی حقوق سے بالاتر نہیں، درخواست
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکلز 232، 234 اور 245 کے تحت حاصل غیر معمولی اختیارات بھی بنیادی حقوق سے بالاتر نہیں، جبکہ گورنر راج کے نفاذ سے شہریوں کے بنیادی حقوق ختم نہیں ہوتے۔ حکومتی اقدامات وفاقی آئینی عدالت کے عدالتی جائزے کے تابع ہیں۔
درخواست گزاروں کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری سونپی تھی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ریاستی مشینری کو سیاسی اختلاف دبانے اور منتخب نمائندوں کو غیر مؤثر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
تمام زیرِ حراست ارکان کی رہائی کی استدعا
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ تمام متاثرہ ارکان اسمبلی کو وفاقی آئینی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے، ان کی حراست کا قانونی جواز جانچا جائے اور تمام زیرِ حراست منتخب نمائندوں کی فوری رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔





