ملک میں نئے انتظامی یونٹس پر 2027 سے قبل ریفرنڈم کرایا جائے، فاروق ستار
ایم کیو ایم رہنما کا وزیراعظم سے مطالبہ؛ کہا سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کو بے دخل نہیں ہونے دیں گے اور ملازمین کے رہائشی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر 2027 سے قبل ریفرنڈم کرایا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم کے بعد اب ریفرنڈم کا معاملہ بھی جلد از جلد حل کیا جائے۔
سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ
فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے جہانگیر روڈ، مارٹن کوارٹرز اور دیگر علاقوں میں قیامِ پاکستان کے بعد سرکاری ملازمین آباد ہوئے تھے۔ ان کے مطابق سرکاری کوارٹرز میں رہنے والے موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ریٹائرمنٹ کے باوجود ملازمین کو ان رہائش گاہوں سے بے دخل نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملازمین کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اگر انہیں سرکاری کوارٹرز فراہم نہیں کیے جا سکتے تو ایک اچھی سوسائٹی بنا کر مکانات دیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 ہزار سے زائد خانہ بدوش ملازمین کا مسئلہ تاحال حل طلب ہے۔
ملازمین کے رہائشی حقوق کا تحفظ کیا جائے
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائشی حقوق ملنے چاہئیں اور ان کے لیے مختص رہائشی زمین واپس نہیں لی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بیواؤں اور یتیم بچوں کے حقوق متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
فاروق ستار نے واضح کیا کہ سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کو بے دخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے پہلے سرکاری کوارٹرز کا مسئلہ حل کیا جائے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ کراچی سے جاری بیان میں پارٹی ترجمان نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیراعلیٰ صوبے کے انتظامی اور مالی امور چلانے میں ناکام رہے ہیں۔





