شمالی وزیرستان میں 16 دہشت گرد ہلاک، وزیراعظم کا آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا اعلان
شمالی وزیرستان میں 16 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، شہید حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کو خراجِ عقیدت پیش کیا
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے 16 دہشت گردوں کی ہلاکت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 16 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔
شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار عصمت علی، جن کا تعلق ضلع صوابی سے تھا، اور نائیک آفتاب علی، جن کا تعلق ضلع مردان سے تھا، کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہادر جوانوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت، عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوم اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔





