پاکستان اور ترکمانستان میں تعاون بڑھانے کی تیاری، اسحاق ڈار کی زیر صدارت بین الوزارتی اجلاس
مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کا ایجنڈا زیرِ غور، تجارت، توانائی، آئی ٹی، زراعت اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا آئندہ اجلاس دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ صدارت میں ہوگا۔ اجلاس میں مجوزہ ایجنڈے، دوطرفہ معاہدوں اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
تجارت، توانائی اور علاقائی روابط پر گفتگو
اجلاس کے دوران پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ٹیکسٹائل اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
اسحاق ڈار کی جامع تیاریوں کی ہدایت
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ بین الحکومتی کمیشن پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس کے لیے قریبی رابطہ کاری اور جامع تیاریوں کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن، ترکمانستان میں پاکستان کے سفیر اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔





