مارگلہ ڈائیلاگ میں بھارت کی علاقائی بالادستی کی پالیسی پر تنقید

پروین سواہنے نے بھارتی خارجہ پالیسی کا اسٹریٹجک جائزہ لینے پر زور دیا، پروفیسر جان میئرشائمر کے مطابق بھارت فی الحال عالمی طاقت نہیں

مارگلہ ڈائیلاگ میں بھارت کی علاقائی بالادستی کی پالیسی پر تنقید

اسلام آباد: اسلام آباد میں منعقدہ مارگلہ ڈائیلاگ 2026 کے دوران بھارت کی داخلی اور خارجہ پالیسیوں پر تنقید کی گئی۔ مقررین نے بھارتی علاقائی عزائم، خارجہ پالیسی اور عالمی طاقت بننے کی خواہش پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار پروین سواہنے نے بھارت کی خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور بھوٹان کے علاوہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو میں شامل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی خارجہ پالیسی کی ناکامیوں کے پیش نظر اس کا اسٹریٹجک سطح پر دوبارہ جائزہ لینا ناگزیر ہو گیا ہے۔ پروین سواہنے کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے تسلط پسندانہ رویے کو مسترد کیا اور اپنے مؤقف پر قائم رہا ہے۔

بھارت کے عالمی طاقت بننے کے امکانات پر سوالات

امریکی ماہرِ سیاسیات پروفیسر جان میئرشائمر نے کہا کہ بھارت نہ اس وقت عالمی طاقت ہے اور نہ ہی مستقبل قریب میں اس کے عالمی طاقت بننے کا امکان ہے۔

ان کے مطابق خطے میں بالادستی کا خواب دیکھنے والا بھارت وسائل کی کمی اور سفارتی ناکامیوں کے باعث عالمی طاقت بننے کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے۔

سارک ممالک کے اتحاد کا معاملہ

پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ سارک ممالک کے ممکنہ اتحاد کا خوف ہمیشہ سے بھارت کے علاقائی عزائم اور عالمی طاقت بننے کے خواب کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ رہا ہے۔

مارگلہ ڈائیلاگ 2026 میں ہونے والی گفتگو کے دوران بھارت کی علاقائی پالیسی، خارجہ تعلقات اور عالمی کردار سے متعلق مختلف پہلو زیرِ بحث آئے۔

خبر شیئر کریں: