مری اور مظفرآباد میں دو خوفناک حادثات، بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق

مرنے والوں میں باپ اور دو بیٹے، دو مائیں اور ان کی پانچ بیٹیاں شامل، مری حادثے کے سات زخمی اسپتال منتقل

مری اور مظفرآباد میں دو خوفناک حادثات، بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق

مظفرآباد/راولپنڈی: مری اور مظفرآباد کے قریب دو الگ حادثات میں گاڑیاں کھائیوں میں گرنے سے کم از کم 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دونوں حادثات اتوار کو پیش آئے۔

مظفرآباد کے نواح میں مسافر جیپ حادثے کا شکار ہوئی، جس میں سوار ساتوں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس اور انتظامیہ کے مطابق جیپ نکہ شکر پٹیاں گاؤں سے سیری درہ جارہی تھی۔

ستھرا پوڈیمار گاؤں کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ راستے سے گزرتے ہوئے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ جیپ پہاڑی ڈھلوان سے نیچے جاگری۔ مقامی لوگوں اور امدادی اہلکاروں نے لاشیں نکالیں، جنہیں بعد میں ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

جاں بحق افراد میں 50 سالہ فیاض احمد، ان کے بیٹے 27 سالہ عبید فیاض اور 17 سالہ اعظم فیاض، محمد خالد، شفاعت، افتخار حسین اور ڈرائیور عبدالوحید شامل ہیں۔

دوسرا حادثہ مری کے علاقے چوکی تریٹ میں بروہا چوک کے قریب پیش آیا، جہاں سوزوکی بولان وین کھائی میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئی۔

پولیس کے مطابق الماس اور ان کی تین بیٹیاں، جبکہ شاہینہ اور ان کی دو بیٹیاں جاں بحق ہوئیں۔ متاثرین ڈھلہ گاؤں کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور ایبٹ آباد میں شادی سے واپس آرہے تھے۔ سات زخمیوں کو راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔

خبر شیئر کریں: