امریکی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی مقبولیت میں معمولی اضافہ، ڈیموکریٹس کو برتری حاصل
نئے سروے میں 32 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کی کارکردگی کی حمایت کی، جبکہ کانگریس کے انتخابات میں ڈیموکریٹس کو ریپبلکنز پر 11 پوائنٹس کی برتری ملی۔
واشنگٹن: امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں معمولی اضافہ ہوا ہے، تاہم ایک نئے سروے میں کانگریس کے لیے ووٹرز کی حمایت میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ریپبلکنز پر برتری حاصل ہے۔
رائٹرز اور اِپسوس کے سروے کے مطابق 32 فیصد امریکیوں نے صدر ٹرمپ کی کارکردگی کی حمایت کی۔ گزشتہ ہفتے یہ شرح 31 فیصد تھی، جو ان کی دونوں صدارتی مدتوں میں کم ترین سطح تھی۔
امریکا میں 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے طے ہوگا کہ کانگریس کا کنٹرول کس جماعت کے پاس ہوگا۔ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پانچ روزہ سروے میں رجسٹرڈ ووٹرز سے پوچھا گیا کہ وہ کانگریس کے انتخابات میں کس جماعت کو ووٹ دیں گے۔ 47 فیصد نے ڈیموکریٹس اور 36 فیصد نے ریپبلکنز کی حمایت کی، جبکہ 11 فیصد نے کہا کہ انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا۔
غیر فیصلہ شدہ ووٹرز کے رجحان کو بھی شامل کرنے پر ڈیموکریٹس کی حمایت 50 فیصد اور ریپبلکنز کی 41 فیصد رہی۔ ووٹ ڈالنے کا زیادہ امکان رکھنے والے افراد میں بھی ڈیموکریٹس کو 53 فیصد کے ساتھ برتری حاصل تھی، جبکہ 44 فیصد نے ریپبلکنز کی حمایت کی۔
سروے کے مطابق 73 فیصد شرکا کا کہنا تھا کہ ان کے لیے زندگی گزارنے کی لاگت کے حوالے سے حالات غلط سمت میں جا رہے ہیں۔ معیشت سے نمٹنے کے معاملے پر 37 فیصد نے ڈیموکریٹس اور 33 فیصد نے ریپبلکنز کے طریقہ کار کو بہتر قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق قومی سطح پر کیے گئے ایسے سروے عوامی رجحان ظاہر کرتے ہیں، تاہم ان سے ریاستوں اور انتخابی حلقوں کے نتائج کا مکمل اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
آن لائن سروے میں ایک ہزار 679 امریکی بالغ افراد نے حصہ لیا، جن میں ایک ہزار 280 رجسٹرڈ ووٹرز شامل تھے۔





