رجنی کانت کی ’جیلر 2‘ نے تامل سنیما میں کمائی کا سب سے بڑا ریکارڈ توڑ دیا
رجنی کانت کی فلم نے 11 دن میں دنیا بھر سے 710 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کما لیے، ’2.0‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
رجنی کانت کی فلم ’جیلر 2‘ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تامل فلم بن گئی۔ فلم نے ریلیز کے ابتدائی 11 دن میں مجموعی طور پر 710 کروڑ 35 لاکھ بھارتی روپے کا کاروبار کیا ہے۔
باکس آفس کے اعداد و شمار مرتب کرنے والے ادارے سیکنلک کے مطابق ’جیلر 2‘ نے رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم ’2.0‘ کا ریکارڈ توڑا ہے، جس کی دنیا بھر میں مجموعی کمائی تقریباً 691 کروڑ بھارتی روپے رہی تھی۔
15 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم نے 25 اکتوبر، اتوار تک بھارت میں ٹیکس سمیت 466 کروڑ 85 لاکھ روپے کمائے، جبکہ بیرونِ ملک سے حاصل ہونے والی آمدن 243 کروڑ 50 لاکھ روپے رہی۔
اتوار کو فلم کی بھارت میں ٹیکس نکالنے کے بعد کمائی 25 کروڑ 70 لاکھ روپے رہی، جو ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 6.4 فیصد زیادہ تھی۔ اس طرح بھارت میں فلم کی ٹیکس کے بغیر مجموعی آمدن 398 کروڑ 70 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔
فلم نے دوسرے ویک اینڈ پر بھی اپنی گرفت برقرار رکھی۔ جمعے سے اتوار تک بھارت میں اس کی ٹیکس کے بغیر کمائی 64 کروڑ 35 لاکھ روپے رہی۔ تامل ورژن کے ساتھ تیلگو، ہندی اور کنڑ زبانوں میں نمائش نے بھی مجموعی کاروبار میں حصہ ڈالا۔
نیلسن دلیپ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی ’جیلر 2‘، 2023 کی فلم ’جیلر‘ کا سیکوئل ہے، جسے سن پکچرز نے پروڈیوس کیا ہے۔ رجنی کانت ایک بار پھر ریٹائرڈ جیلر متھوویل پانڈیان کے کردار میں نظر آئے ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں رامیا کرشنن، یوگی بابو، ودیا بالن، متھن چکرورتی اور ایس جے سوریا بھی شامل ہیں۔





