متحدہ عرب امارات میں متعدد گاڑیوں میں تصادم اور آگ لگنے سے 14 افراد جاں بحق، 30 زخمی

فجیرہ کی مرکزی شاہراہ پر بے قابو ٹرک متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، حادثے میں پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کے شہری متاثر، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ جاری

متحدہ عرب امارات میں متعدد گاڑیوں میں تصادم اور آگ لگنے سے 14 افراد جاں بحق، 30 زخمی

فجیرہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں متعدد گاڑیوں کے تصادم اور آگ لگنے کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں 5 ٹرکوں سمیت مجموعی طور پر 23 گاڑیاں متاثر ہوئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حادثہ شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر فجیرہ کے داخلی راستے کے قریب پیش آیا، جہاں ایک ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہوکر دوسری گاڑی سے ٹکرا گیا۔

فجیرہ پولیس کے مطابق ابتدائی تصادم کے بعد ٹرک الٹ گیا اور سست رفتار ٹریفک کے باعث رکی ہوئی متعدد گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔

حادثے کے نتیجے میں ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

جاں بحق اور زخمی افراد میں پاکستانی شہری بھی شامل

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق حادثے میں متاثر ہونے والوں میں متحدہ عرب امارات، پاکستان، بھارت، عمان، برازیل، اردن اور مصر کے شہری شامل ہیں۔

حکام کی جانب سے جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ بعض لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

تاحال حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد کی الگ سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔

15 زخمی اسپتال سے فارغ، مزید 15 زیر علاج

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولینس، شہری دفاع اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

امدادی کارکنوں نے گاڑیوں میں لگنے والی آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 30 افراد میں سے 15 کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے، جبکہ باقی 15 زخمی زیر علاج ہیں۔

حادثے کی تحقیقات شروع

فجیرہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے قانونی اور تکنیکی تحقیقات جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثے سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے صرف سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر اعتماد کریں۔

خبر شیئر کریں: