آرمی افسر بن کر ان ڈرائیو رائیڈرز سے فراڈ کرنے والا گروہ بے نقاب
این سی سی آئی اے اسلام آباد نے مقدمہ درج کرلیا، ملزمان ہنگامی ضرورت کا جھانسہ دے کر رقم منگواتے تھے، ترجمان
اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد نے ان ڈرائیو ڈیلیوری فراڈ میں ملوث ایک گروہ کو بے نقاب کر دیا ہے، جس کے ارکان مبینہ طور پر خود کو پاک فوج کے افسران ظاہر کرکے شہریوں اور رائیڈرز کو مالی دھوکا دیتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان جعلی سمز، واٹس ایپ نمبرز اور جاز کیش اکاؤنٹس استعمال کرتے ہوئے خود کو آرمی افسر ظاہر کرتے تھے تاکہ متاثرہ افراد کا اعتماد حاصل کیا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے لیے سی ایم ایچ، جی ایچ کیو اور نور خان ایئر بیس جیسے حساس مقامات کے قریب ڈیلیوری رائیڈ بک کرتے تھے، جس سے وہ اپنی شناخت کو حقیقی ظاہر کرنے کی کوشش کرتے تھے۔
فراڈ کے طریقہ کار کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملزمان رائیڈرز کو ہسپتال کے بل یا کسی ہنگامی صورتحال کا جھانسہ دیتے اور فوری رقم کی ضرورت ظاہر کرکے ان سے جاز کیش کے ذریعے پیسے منتقل کرواتے تھے۔ رقم وصول ہونے کے بعد ملزمان رائیڈ منسوخ کرکے ڈرائیورز سے رابطہ منقطع کر دیتے تھے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق اس طریقہ واردات کے ذریعے رائیڈرز کو مالی نقصان پہنچایا جاتا تھا۔ ایجنسی نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ گروہ کے طریقہ واردات اور دیگر ممکنہ پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔





