اسلام آباد میں خواتین کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام میں توسیع، نیا مرحلہ 16 نومبر سے شروع ہوگا

خواتین کی بھرپور دلچسپی پر تربیتی پروگرام دو مرحلوں میں تقسیم، پہلے مرحلے میں جگہ نہ پانے والی خواتین 16 سے 30 نومبر تک مفت تربیت حاصل کرسکیں گی

اسلام آباد میں خواتین کے لیے مفت اسکوٹی ٹریننگ پروگرام میں توسیع، نیا مرحلہ 16 نومبر سے شروع ہوگا

اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے پیش نظر مفت اسکوٹی چلانے کے تربیتی پروگرام میں توسیع کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت مزید خواتین کو نومبر کے دوسرے پندرہ روزہ مرحلے میں تربیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان کے مطابق خواتین کی بڑی تعداد کی جانب سے پروگرام میں دلچسپی ظاہر کیے جانے کے بعد تربیتی سرگرمیوں کو دو مرحلوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں یکم سے 15 نومبر تک خواتین کو اسکوٹی چلانے کی تربیت دی جارہی ہے، جبکہ وہ خواتین جو پہلے مرحلے میں جگہ حاصل نہیں کرسکیں، 16 سے 30 نومبر تک دوسرے مرحلے میں مفت تربیت حاصل کرسکیں گی۔

کائنات اظہر خان نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں روزمرہ آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اسکوٹی تربیتی پروگرام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کو اسکوٹی چلانے کی مہارت فراہم کرنا اور انہیں اپنی سفری ضروریات پوری کرنے کے قابل بنانا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق خواتین کی سہولت، خودمختاری اور بااختیار بنانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے تربیتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

خبر شیئر کریں: